مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: افغانستان میں گزشتہ چند ماہ کے دوران شیعہ برادری کے خلاف پابندیوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مجالس عزاداری کے انعقاد کے بعد ہرات میں دو شیعہ علما کی گرفتاری اور کابل میں خاتم النبیین اسپتال کی بندش ایسے تازہ واقعات ہیں جنہوں نے طالبان حکومت کی جانب سے شیعہ برادری اور اس سے وابستہ اداروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو دوبارہ موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔
افغان خبررساں ادارے آوا کے مطابق، مدرسہ علمیہ صادقیہ ہرات کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محمد آقا روحانی اور حجۃ الاسلام محمد جواد رجب زادہ کو شہر کی جامع مسجد صادقیہ میں مجلس عزاداری کے انعقاد کے بعد طالبان کی انٹیلی جنس فورسز نے گرفتار کرلیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ان دونوں علما کی صورت حال واضح نہیں تھی۔
تین روز بعد مذہبی شخصیات، عمائدین اور افغانستان کی شیعہ تنظیموں کی کوششوں اور مذاکرات کے نتیجے میں دونوں علما کو رہا کر دیا گیا۔ تاہم ہرات کے مقامی حکام نے ان کی گرفتاری کی سرکاری وجہ اور رہائی کے طریقۂ کار کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عزاداری اور ذکرِ مصائب کی مجلس کا انعقاد ان دونوں علما کی گرفتاری کی بنیادی وجہ تھا۔ افغانستان کے بعض دیگر علاقوں میں بھی مجالس عزاداری کے انعقاد میں رکاوٹیں ڈالنے اور پابندیاں عائد کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مذہبی مناسبتوں پر شیعہ علما کی گرفتاریوں کا سلسلہ
محمد آقا روحانی کی گرفتاری گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل عیدالفطر کی نماز کے وقت کے تعین پر اختلاف کے بعد بھی انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، انہوں نے طالبان کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ پر نمازِ عید ادا کرنے سے متعلق تحریری ضمانت پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا۔
ہرات اور بلخ میں شیعہ علما کی گرفتاریوں سے متعلق دیگر اطلاعات بھی اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ مذہبی مناسبتوں کے موقع پر اس نوعیت کے واقعات دہرائے جا رہے ہیں۔ بعض معاملات میں مذہبی رسومات کے انعقاد کے طریقۂ کار پر اختلاف اور عائد کردہ پابندیوں کے خلاف علما کا مؤقف ان کارروائیوں کی وجہ بتایا گیا ہے۔
افغانستان کے مرکز تبیان برائے سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید عیسی حسینی مزاری نے ہرات کے دو علما کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے خودسرانہ اور توہین آمیز اقدام قرار دیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں طالبان حکومت پر عوام کے مذہبی عقائد کی توہین اور ان میں مداخلت کا الزام عائد کیا اور خبردار کیا کہ ایسے اقدامات حکومت کی بنیادیں مضبوط کرنے کے بجائے انہیں کمزور کریں گے۔ حسینی مزاری نے افغانستان کی سابق کمیونسٹ حکومت کی جانب سے شیعہ اور سنی علما کے خلاف کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علما کی گرفتاریاں اور حتی کہ ان کی شہادتیں بھی اس حکومت کو مستحکم نہیں کرسکیں۔
شیعہ برادری سے وابستہ اداروں کی بندش
افغانستان کی شیعہ برادری پر عائد پابندیاں صرف مذہبی تقریبات اور علما کی سرگرمیوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ تعلیمی، ثقافتی، ذرائع ابلاغ اور طبی اداروں کے خلاف کارروائیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
اس سلسلے کا تازہ واقعہ کابل میں خاتم النبیین اسپتال کی بندش ہے، جس کا حکم طالبان کے وزیر انصاف نے دیا۔ اس طبی مرکز کے مالک محمد جواد محسنی نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان کے وزیر انصاف عبدالحکیم شرعی کے حکم پر اسپتال کو سیل کرکے بند کر دیا گیا ہے۔
محسنی کے مطابق، اسپتال کی بندش سے ایک ہفتہ قبل وزیر انصاف نے اس کے ذمہ داران کو آگاہ کیا تھا کہ یا تو اسپتال کا انتظام اور سربراہی ان کے حوالے کی جائے یا پھر اس کی سرگرمیاں بند کر دی جائیں۔ تاہم اسپتال کے مالک نے اس مطالبے کو قانونی بنیاد نہ ہونے کے باعث مسترد کر دیا تھا۔
محسنی نے اسپتال کی بندش کو افغانستان کی شیعہ برادری سے وابستہ اداروں کے خلاف امتیازی اور مذہبی بنیادوں پر روا رکھے جانے والے سلوک کا تسلسل قرار دیا۔ ان کے مطابق، خاتم النبیین اسپتال گزشتہ 15 برس سے زائد عرصے سے طبی خدمات فراہم کر رہا تھا، خصوصاً گردوں اور یورولوجی کے امراض کے شعبوں میں اس کی خصوصی خدمات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کرائے کی عمارت میں قائم تھا اور اس کا کسی سیاسی سرگرمی یا جماعتی وابستگی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ان کے بقول، بظاہر اسپتال کے مالک کا شیعہ ہونا ہی اس کی بندش کے لیے کافی سمجھا گیا۔
محسنی نے خبردار کیا کہ کسی طبی مرکز کے مالکان کے مذہبی مسلک کی بنیاد پر عوام کو علاج معالجے کی سہولتوں سے محروم کرنا عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتا اور حکومت و عوام کے درمیان فاصلے بڑھاتا ہے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران افغانستان کی شیعہ برادری سے وابستہ بعض دیگر اداروں، جن میں حوزہ علمیہ خاتم النبیین، تمدن ٹیلی ویژن اور مرکز تبیان برائے سماجی و ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں، کی سرگرمیاں محدود یا بند کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پابندیوں کا دائرہ مذہبی اداروں سے بڑھ کر تعلیمی، ثقافتی اور ذرائع ابلاغ کے مراکز تک پھیل رہا ہے۔
شیعہ مراکز پر پابندیوں کے خلاف ایران کا ردعمل
افغانستان میں شیعہ برادری پر دباؤ اور اس سے وابستہ ثقافتی و طبی اداروں کی سرگرمیاں بند کیے جانے پر ایران کی وزارت خارجہ نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران طالبان حکومت کی کارکردگی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ افغانستان میں بعض ثقافتی اور طبی مراکز کی بندش اور شیعہ برادری پر دباؤ سے متعلق اطلاعات ایران کو بھی موصول ہوئی ہیں اور یہ معاملہ اس کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران نے کابل میں طالبان حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں یہ مسائل اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی انہیں سنجیدگی سے زیر بحث لایا جائے گا۔
بقائی نے افغانستان کے عوام کی ثقافتی اور سماجی صورت حال کے حوالے سے ایران کی مسلسل حساسیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہران اپنے دوطرفہ تعلقات اور انسانی، ثقافتی و تاریخی ذمہ داریوں کے تحت اس معاملے کو باضابطہ مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں برسوں سے عوام کی خدمت کرنے والے ثقافتی، تعلیمی اور طبی مراکز اپنی سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں گے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان اداروں کی سرگرمیوں پر عائد پابندیوں کا معاملہ تہران اور طالبان کے درمیان سرکاری مذاکرات میں اٹھایا گیا ہے، تاہم انہوں نے طالبان حکام کے جواب یا ان مذاکرات کے نتائج کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
پابندیوں کے تسلسل پر تشویش
افغانستان میں مذہبی مناسبتوں کے موقع پر علما کی گرفتاریوں، مجالس عزاداری کے انعقاد میں رکاوٹوں اور طبی و ثقافتی مراکز کی بندش کے واقعات نے شیعہ برادری کے مذہبی اور سماجی حقوق کی صورت حال کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے۔
اگرچہ ہرات میں گرفتار ہونے والے دونوں علما کی رہائی کے بعد ان کی تین روزہ حراست ختم ہوگئی ہے، تاہم ان کی گرفتاری کی وجوہات اور مذہبی رسومات کے انعقاد میں طالبان حکام کی مداخلت کی حدود سے متعلق سوالات بدستور موجود ہیں۔
اسی طرح خاتم النبیین اسپتال کی بندش بھی محض کسی ادارے کے ذمہ داران اور وزارت انصاف کے درمیان اختلاف کا معاملہ نہیں، کیونکہ اس مرکز کی طویل عرصے سے جاری طبی خدمات کی معطلی عوام کے ایک حصے کو خصوصی علاج معالجے کی سہولتوں سے محروم کرسکتی ہے۔
تاحال طالبان حکام کی جانب سے ہرات کے دونوں علما کی گرفتاری، شیعہ برادری کی مذہبی تقریبات پر عائد مبینہ پابندیوں یا خاتم النبیین اسپتال کے مالک کے الزامات کے بارے میں کوئی باضابطہ اور آزادانہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔
آپ کا تبصرہ